بھنگرہ کو زیادہ تر امراض فساد خون مثلاً برص شری جذام اور جرب وغیرہ میں استعمال کرتے ہیں۔ اس بوٹی کے بے شمار فوائد اور استعمال ہیں جو درج ذیل ہیں۔
مختلف نام
مشہور نام: بھنگرہ
ہندی: بھنگرہ
گجراتی: بھنگرہ
سنسکرت: بھانگراجا
لاطینی: الکپٹالبا (eclipta alba)
انگریزی میں ٹریلنگ الکپٹا (Trailing Eclipta)
شناخت
یہ ایک بوٹی ہے۔ جو اکثر باغوں اور کھیتوں میں پانی کے کنارے پر پیدا ہوتی ہے اس کا پودا لمبا اور کبھی اس سے بھی چھوٹا ہوتا ہے اس کے پتے انار کے پتوں کی طرح مگر اس سے چوڑے اور تلسی کے پتوں سے مشابہ ہوتے ہیں۔ اس کے بیج کاسنی کے بیجوں کی طرح مگر اس سے چھوٹے اور مثلث نما ہوتے ہیں مزہ ذرا کڑوہ اور تیز ہوتا ہے۔ بھنگرہ ہمارے تجربات میں بال سیاہ کرنے کے لیے مفید ہے۔ ہندوستان میں صرف احمدآباد اور بمبئی کے علاقوں کی طرف ملتا ہےجس طرح بانسہ اور برہمی ہندوستان میں بکثرت ملتا ہے لیکن افریقہ کے ہر علاقہ میں بھنگرہ سیاہ باکثرت ملتا ہے لیکن افریقہ والوں کو اس کا علم نہیں ہے کہ یہ بوٹی بال سیاہ بنانے کا مفید علاج ہے۔
مزاج
بھنگرہ کا مزاج گرم و خشک درجہ دوم میں ہے۔
فوائد
بھنگرہ مصفیٰ خون اور مقوی ہے۔ بینائی کو تقویت دیتا ہے۔ ریاح کو تحلیل کرتا ہے۔ کالا بھنگرہ بالوں کو سیاہ بنانے کےلیے خاص طور پر مفید ہے۔
مقدار خوراک
بھنگرہ کے پتے پانچ سے چھ ماشہ اور بیج ایک سے دو ماشہ تک استعمال کیے جاتے ہیں۔
بھنگرہ سفید کے مرکبات
پیٹ کے کیڑے
اس کے پتے کا رس گدا(مقعد) پر تین چار بار ملنے سے پیٹ کے کیڑے مر جاتے ہیں۔
پھلبہری
بھنگرہ کو پانی میں پیس کر پھلبہری (برص)، چھیپ پر لیپ کریں اور ایک گھنٹہ کے بعد دھو ڈالیں۔ چند بار کے استعمال سے پھلبہری کو آرام آجاتا ہے۔
خارش
بنگرہ کے پتے آھا آدھا تولہ، جوانسہ چار ماشہ، چرائتہ کے پتے چار ماشہ، سر پھوکہ چار ماشہ، پانی خالص آٹھ تولہ گھوٹ چھان کر شہد دو تولہ ملا کر ہر روز ایک ہفتہ تک استعمال کریں، تمام بدن درست ہو جائے گااور خارش کا نام و نشان نہ رہے گا۔
زہریلے زخم
بھنگرہ سفید کے رس سے زہریلے زخم دھونے سے زخم جلدی خشک ہو جاتے ہیں۔
بھنگرہ سیاہ کے مرکبات
تیل بھنگرہ
بھگرہ سیاہ کا پانی، آملہ تازہ کا پانی، تلوں کا تیل ہر ایک بیس تولہ ملا کر کڑاہی میں نرم آگ پر پکائیں۔ جب پانی خشک ہو جائے، تیل کو صاف کر کے رکھ لیں۔ جو بال قبل از وقت سفید ہو گئے ہوں انھیں پھر سے سیاہ کرنے کے لیے یہ تیل رات کو سونے سے پہلے ان میں لگائیں اور ساتھ ہی ذیل کا روغن بطور خوردنی استعمال کریں۔ تین ماہ کے استعمال سے سفید بال سیاہ ہو جاتے ہیں، بہت ہی مفید ہے۔
کھانے والا نسخہ
گھی گائے خالص ایک سیر کڑاہی میں ڈال کر نرم آگ پر رکھیں اور اس میں بھنگرہ سیاہ کا پانی پانچ سیر تھوڑا تھوڑا ڈال کر جذب کریں۔ جب تمام پانی خشک ہو جائے تو روغن چھان لیں اور یہ روغن ایک تولہ سےدو تولہ تک دودھ گائے ایک پا ٗو میں ملا کر ہر روز استعمال کریں۔ دوران استعمال ترشی اور ملاپ سے پرہیز کریں۔
بھنگرہ سیاہ سے بال کالا کرنے کے مفید نسخے
بھنگرہ سیاہ کے پانچ انگ (جڑ، شاخ، پتے، پھول اور بیج) غرضیکہ سالم پودا لے کر سایہ میں خشک کریں، (اگر بھنگرہ سیاہ مل جائے تو زیادہ اچھا ہے ورنہ بھنگرہ سفید کو ہی کام میں لائیں) اور ہاون دستہ میں کوٹ کر لوہے کی چھلنی میں چھان کر چینی کے پیالہ میں رکھیں۔ اس پر بھنگرہ سبز کا پانی اس قدر ڈالیں کہ چار انگل اوپر رہے۔ سایہ میں رکھ دیں۔ جب خشک ہو جائے اسی قدر اور بھنگرہ کا پانی ڈال کر خشک کریں اور اس طرح کم از کم ایک بار اور زیادہ سے زیادہ اکیس مرتبہ یہ عمل کریں۔ اب یہ سفوف آٹھ تولہ، سفوف آملہ چار تولہ سفوف بہیڑہ دو تولہ، سفوف ہڑڑ سیاہ ایک تولہ سب کو ملا کر روغن بادام شیریں سے اچھی طرح چرب کر کے برابر وزن چینی ملا کر رکھ دیں۔ جس شخص کے بال قبل از وقت سفید ہو گے ہوں، وہ یہ سفوف چھ ماشہ ہمراہ دودھ بھیڑ بوقت صبح و شام استعمال کریں۔ ایک ہفتہ بعد سفوف کی خوراک 9 ماشہ کر دیں۔ چالیس دن میں بال از سر نو سیاہ ہو جائیں گے اور قوت پیدا ہو گی۔
بابچی کے خواص فوائد اور استعمال
بنفشہ کے خواص، فوائد اور استعمال
دیگر
بھنگرہ سیاہ کے پتے سایہ میں خشک کرکے برابر سفوف ترپھلا و ہرڑ سیاہ ملا کر بادام روغن سے چرب کریں پھر اس سے آدھی چینی ملا کر بقدر چھ ماشہ صبح اور بھیڑ کے دودھ کے ساتھ اکتالیس دن استعمال کریں، بادی اور ترش اشیاء سے پرہیز کریں جو بال وقت سے پہلے سفید ہو گئے ہوں پھر سیاہ ہو جاتے ہیں اس سے آنکھوں کی روشنی بڑھتی ہے۔
دیگر
صرف بھنگرہ سیاہ کے پتوں کو پیس کر بالوں پر لگانے سے بال ہمیشہ کیلئے کالے ہو جاتے ہیں۔
پارہ کی گولیاں
جست 10 گرام اور پارہ 10 گرام علیحدہ علیحدہ شدھ کر لیں، پھر انہیں ملا دیں اور ایک پہر شیرہ بھنگرہ میں کھرل کر کے گرہ بنا لیں۔ اس گرہ کو بھنگرہ کے نغدہ میں رکھ کر ہلوہے کی کڑاہی میں آگ پر رکھیں، اوپر دھتورہ کا شیرہ دوپہر بطور چویہ جذب کرائیں، گولی بن جائے گی یہ گولی دودھ میں لٹکا کر دودھ میں جوش دیں، پھر گولی کو دھو کر رکھ دیں اور دودھ میں مصری ملا کر پی لیں۔
بھنگرہ کی شناخت
تازہ بھنگرہ کے پتوں کو ہاتھوں پر ملنے سے سخت بو آتی ہے جیسے گندی نالیوں میں سے یہ ہی اس کی خاص شناخت ہے اور جہاں جہاں اس بوٹی کا پانی لگے گا ہوا لگنے سے اس جگہ ہلکی سیاہی مائل رنگت پیدا ہو جائے گی۔
حب بھنگرہ نسخہ
گیرو سرخ 10 تولہ، آب برگ بھنگرہ 1 پاو میں کھرل کریں خشک ہونے پر مٹر کے برابر گولی بنالیں۔ صبح و شام ایک ایک گولی ہمراہ پانی ہر قسم کی بواسیر خصوصاً خونی بواسیر کے لیے مفید و مجرب ہے۔
(از حکیم فرخ نعیم خان لاہور)