کثرت حیض

کثرت حیض   کی تین صورتیں ہیں۔

  1. خون کی مقدار معمول سے زیادہ ہوجانا۔
  2. خون زیادہ عرصہ تک جاری رہنا۔
  3. ایک ماہ میں چند بار خون آنا۔

جب حیض، حیض کے دنوں میں کثرت سے آتے ہوں، تو اسے آیورویدک میں دنوں کی زیادتی اور طب یونانی میں کثرت ایام کہتے ہیں۔ لیکن جب اپنے معمول کے خلاف زیادہ دنوں تک جاری رہیں تو اسے استخاصہ کہتے ہیں۔

کثرت حیض کی وجوہات

  • بدن میں خون کی زیادتی۔
  • صفرا کی آمیزش سے خون پتلا ہوجاتا ہے۔ جس سے رگوں کا منہ کھل جاتا ہے۔
  • بلغمی خلط کے غلبہ کی وجہ سے بچہ دانی کے عضلات ڈھیلے ہو جاتے ہیں۔
  • غلبہ سودا سے رگوں کے منہ کھل جاتے ہیں۔
  • بچہ دانی پر چوٹ سے رحم کی کوئی رگ ٹوٹ جاتی ہے۔
  • زیادتی ملاپ یا زیادتی اولاد یا عام کمزوری سے بچہ دانی کی طاقت کم ہوجاتی ہے۔
  • اس کے علاوہ بچہ دانی کا ٹل جانا، بار بار حمل گرنا، بچہ دانی کی سوجن، بچہ دانی میں آنول کا ٹکڑا رہ جانا، بچہ دانی کی پھنسیاں، بچہ دانی کی رسولی یا سرطان اور جگر کے امراض سے بھی یہ عارضہ ہو جاتا ہے۔

 علامات

ایام بکثرت آتے ہیں، کبھی کبھی کم مقدار میں بار بار آتے ہیں۔ کبھی ایک ہی بار میں زیادہ مقدار میں خارج ہوتے ہیں۔ کبھی زیادہ خارج ہونے سے مریضہ سخت کمزور اور نڈھال ہوجاتی ہے۔ قبض رہتی ہے، جسم لاغر اور کمزور ہو جاتا ہے۔ کمر میں درد ہوتا ہے۔ بھوک نہیں لگتی، کبھی پاوں پر ورم آجاتا ہے اور کبھی کمزوری سے غشی طاری ہوجاتی ہے۔

وجوہات کے مطابق کثرت حیض کی حالت میں درد اور گرانی زیادہ ہوگی، چہرہ اور بدن کی رنگت لال ہوگی، خون کے زیادہ خارج ہونے کے باوجود کمزوری معلوم نہ ہوگی۔

  • غلبہ صفرا کی حالت میں بدن کی رنگت زرد ہوگی، خون کا قوام پتلا اور سوجن سے خارج ہوگا۔
  • غلبہ بلغم کی صورت میں خون سفیدی مائل اور گاڑھا ہوگا،  پستان نرم ہونگے، کمر میں درد محسوس ہوگا۔
  • غلبہ سودا کی حالت میں سیاہ رنگ کا بدبودار خون خارج ہوگا، دائیں طرف سوجن محسوس ہوگی۔
  • چوٹ یا وضع حمل کی شدید حالت کی صورت میں بچہ دانی کی طاقت کمزور ہوگی، باقی علامات ظاہر ہوں گی۔

کثرت حیض کا یونانی علاج

بیج سر والی، 3 سے 5 گرام سوختہ اکیلا سفوف کر کے دہی کے ساتھ صبح و شام دیں۔ ازحد مفید ہے۔

سفوف مفرح

کثرت حیض، اسہال خونی، پھیپڑے سے خون آنا اور نکسیر کے لئے مفید ہے۔ علاوہ ازیں گرمی، گھبراہٹ، ابکائی اور بخار کے لئے بھی مفید ہے۔

سفوف مفرح
صندل سفید10 گرام
کہربا10 گرام
طباشیر10 گرام
الائچی خورد10 گرام
زہر مہرہ10 گرام
ناریل دریائی10 گرام
دھنیا خشک10 گرام
پھول گاو زبان3 گرام
گاو زبان3 گرام
کشتہ مرجان4.5 گرام
کشتہ عقیق4.5 گرام
کشتہ سنگ یشب4.5 گرام
ورق چاندی50 عدد

ترکیب تیاری اور طریقہ استعمال: تمام ادویہ کو کوٹ چھان کر باریک سفوف بنا کر ورق چاندی شامل کر لیں۔ خوراک ایک سے دو گرام ہمراہ تازہ پانی استعمال کریں۔

کشتہ سنگ جراح

کشتہ سنگ جراح
سنگ جراح250 گرام
دودھ گائے1 لیٹر

ترکیب تیاری اور طریقہ استعمال: سنگ جراح کو دودھ کے ساتھ خوب کھرل کر کےدو گولیاں بنا کر دھوپ میں رکھ دیں، جب خشک ہوجائیں تو سرد ہونے پر پیس لیں۔ خوراک دو گرام ہمراہ شربت انجبار استعمال کرائیں مفید ہے۔

جڑی بوٹیوں سے علاج

اسگند ناگوری

کثرت حیض کے لئے اسگند ناگوری
اسگند ناگوری30 گرام
رال سفید20 گرام
مصری60 گرام

ترکیب تیاری اور طریقہ استعمال: سب اجزاء کا سفوف کر کے مکس کر لیں۔ خوراک 10 گرام تازہ پانی کے ساتھ کھلائیں، کمزور مریض کو 5 گرام کھلائیں۔ کثرت حیض کے لئے نہایت مفید ہے۔

انار

کثرت حیض کے لئے انار کی چھال
انار کی چھال12 گرام
پانی100 ملی لیٹر

ترکیب تیاری اور طریقہ استعمال: انار کی چھال کو پانی میں جوش دیں، جب پانی آدھا رہ جائے تو چھان کر صبح کو پلا دیں۔ کثرت حیض کے لئے نہایت مفید ہے۔

غذا اور پرہیز

زود ہضم و مقوی غذائیں، دودھ، دال مونگ، شوربہ، چپاتی، ساگودانہ، مونگ کی کھچڑی، پالک وغیرہ دیں۔ گرم اشیاء تیل، ترشی، دھوپ میں پھرنے اور ورزش سے پرہیز کریں۔