حیض کا دیر سے آنا، حیض کی کمی، حیض کی تنگی، حیض کا بند ہو جانا. یہ چاروں امراض چونکہ قریب قریب ہیں، اس لئے ان کا بیان ایک ہی جگہ شمار کیا جاتا ہے۔ دیر سے آناعام طور پر بند ہوجانے کا پیش خیمہ ہوا کرتا ہے۔ اس مرض میں یا تو شروع ہی سے ایام نہیں آتے، یا کچھ مدت آ کر بند ہوجاتے ہیں  یا زیادہ دیر کے بعد آتے ہیں۔ چنانچہ جب حیض کے درمیان دو ماہ کا عرصہ ہو جائے تو اسے بند ہوجانا سمجھنا چاہیے۔ حمل کے دنوں اور حیض بند ہو جانے کے زمانہ یا بچے کو دودھ پلانے کے وقت حیض بند ہو جانے کو مرض نہیں سمجھنا چاہیے۔

وجوہات:

حیض بند ہوجانے کی متعدد وجوہات ہیں مثلا خون کی کمی، کوئی پرانی بیماری جیسے سل و دق یا امراض گردہ یا جگر کے باعث یا پیدائشی کمزوری، فاقہ کشی، جریان خون، بواسیر، نکسیر یا تلی کے بڑھ جانے سے مریضہ کے جسم میں خون کم ہوجاتا ہے۔ بچہ دانی پر چوٹ لگنے، سردی، خشکی، جسم کے موٹا ہونے، بچہ دانی کی سوجن، خون زیادہ گاڑھا ہونے، زیادہ مشقت کرنے سے یہ عارضہ ہوجاتا ہے۔

یونانی علاج:

امراض نسواں میں ہمیشہ طب یونانی کو دوسرے علاجوں پر فوقیت حاصل رہی ہے۔ مندرجہ ذیل مجربات بندش حیض (ایام کی بندش) کے لئے نہایت مفید ہیں۔

بندش حیض کے لئے گولیاں:

یہ گولیاں اس مرض میں نہایت مفید ہیں۔

حیض کی بندش کے لئے گولیاں
مصبر مصفیٰ20 گرام
ہیرا کسیس20 گرام
مرمکی20 گرام
ہینگ خالص20 گرام
شہدحسب ضرورت

ترکیب تیاری اور طریقہ استعمال: سب اجزاء کو باریک پیس کر پوڈر کر لیں اور شہد شامل کر کے نخودی گولیاں بنا لیں اور بوقت ضرورت ایک گولی ہمراہ عرق سونف یا گرم پانی دیں۔ 

سفوف بندش حیض:

یہ سفوف حیض جاری کرنے کے لئے مفید ہے۔

سفوف بندش حیض
ریوند چینی10 گرام
قلمی شورہ10 گرام
جوکھار10 گرام
زیرہ سفید10 گرام
مصری40 گرام

ترکیب تیاری اور طریقہ استعمال: سب اجزاء کو کوٹ چھان کر سفوف بنا لیں۔ خوراک 6 گرام ہمراہ پانی دن میں دو بار، حیض سے ایک ہفتہ پہلے شروع کریں۔ 

حب خاص:

ان گولیوں کے چار یا پانچ دن کے استعمال سے حیض جاری ہو جاتے ہیں۔

حب خاص
صبر سقوطری زرد10 گرام
ہیرا کسیس3 گرام
زعفران خالص6 گرام
کستوری خالص1 گرام

ترکیب تیاری اور طریقہ استعمال: تمام اجزاء کو کوٹ چھان کر چنے کے برابر گولیاں بنا لیں۔ خوراک 1 گولی صبح اور 1 گولی شام ہمراہ عرق سونف دیں۔

حیض کی بندش کا آسان نسخہ:

دو اجزاء پر مشتمل بہترین نسخہ ہے۔

حیض کی بندش کا آسان نسخہ
مصبر شدھ250 ملی گرام
ہینگ250 ملی گرام

ترکیب تیاری اور طریقہ استعمال: دونوں اجزاء کو کھرل کر کے 2 گولی بنا لیں، یہ ایک دن کی خوراک ہے۔ دودھ یا چائے کے ساتھ ایک گولی صبح اور ایک گولی شام کو استعمال کرائیں۔

حیض کی کمی کا جڑی بوٹیوں سے علاج:

پیاز:

پیاز کو پانی میں جوش دے کر پلانے سے ایام کھل کر آتے ہیں۔

بانسہ:

بانسہ 10 گرام، مغز بنولہ 10 گرام عرق سونف میں رگڑ کر اس میں پرانا گڑ شامل کریں۔ حیض آنے سے تین دن پہلے اس کا استعمال شروع کریں، بندش حیض کے لئے مفید ہے۔

سونف:

سونف 10 گرام، گڑ 10 گرام، دونوں کو 250 ملی لیٹر پانی میں جوش دیں، آدھا رہ جانے پر چھان کر پلائیں اور گرم کپڑا اوڑھا کر مریضہ کو سلائیں۔

غذا اور پرہیز:

سرد ترکاریوں، انڈہ، چائے سے پرہیز کریں۔ مونگ کی دال، ارہر کی دال، چپاتی خشک، بسکٹ، مکھن، دودھ وغیرہ حسب ضرورت دیں۔

مزید پڑھیں: کثرت حیض کا علاج