ککروندہ کے پتے استسقاء میں مفید ہیں۔ ورم کو دور کرتے ہیں، بواسیر کے لئے نہایت مفید ہیں۔ اس کے پتے بچوں کی گدا (مقعد ) میں پیس کر رکھنے سے پیٹ کے کیڑے مر جاتے ہیں۔
مختلف نام
مشہور نام: ککروندہ، کوکر چھڈی
سنسکرت: کوکوندرا – لگوراورد
بنگالی: کک مونگھ
ہندی: ککروندہ
لاطینی بلومیا ڈینسی فلورا (blumea lacera)
انگریزی میں Dog bush کہتے ہیں۔
ماہیت
ککروندا یا کوکر چھڈی کے معنی ہیں کہ جب کتا اسے کھاتا ہے تو قے کر دیتا ہے۔ اس کے پتے کتے کی زبان کی طرح لمبے، نازک اور پیٹھ کی طرف سے سفید ہوتی ہیں۔ ہندوستان میں ہمالیہ کے گرم علاقوں، ملایا، فجی ممالک میں بکثرت ہوتا ہے۔ موسم بہار میں دیواروں اور زمین پر یہ بوٹی پیدا ہوتی ہے اور اکثر پتے اور بعض دفعہ سالم بوٹی ادویات میں استعمال کی جاتی ہے۔
اس کی خالص شناخت یہ ہے کہ پتے کاسنی شکل کے ہوتے ہیں۔ ان میں بدبو آتی ہے۔ ذائقہ میں قدرے سڑاند، پھول زرد اور چھوٹے چھوٹے ہوتے ہیں۔ پھول کے چھڑ جانے پر اس میں سے روئی کی مانند باریک ریشے نکلتے ہیں۔ جن میں کالے رنگ کے بیج ہوتے ہیں۔ اس بوٹی کی شاخیں بہت اور قد دو گز کے قریب ہوتا ہے۔
مقام پیدائش
نمناک زمین میں برسات کے موسم میں پاکستان میں پنجاب اور ہندوستان میں پنجاب دہلی میں کھنڈروں اور قبرستانوں میں بکثرت خودرو ہوتا ہے۔
مزاج
مزاج گرم دوسرے درجہ میں ہے، لیکن طب آیورویدک میں سرد مانتے ہیں۔
نفع خاص
بواسیر خونی و بادی۔
مضر
پھیپھڑے و حلق کیلئے۔
مصلح
مرچ سیاہ اور شہد۔
نوٹ
اس کا ایکسٹریکٹ تمدد (اکڑاہٹ) کو کم کر دیتا ہے۔
مقدار خوراک
پتوں کا پانی ایک سے سوا تولہ تک۔
فوائد
اس کے پتے پر گھی چیڑ کر اور گرم کر کے رسولی پر باندھیں اور ہر روز دو بار بدلتے رہیں۔ تو ایک ہفتہ میں رسولی دور ہو جاتی ہے، اسی طرح ورم ہائے پر باندھنے سے ورم دور ہو جاتے ہیں۔ خاص مجربات درج ذیل ہیں:
کنگھی بوٹی کے خواص، فوائد اور استعمال
سونف Fennel Seeds کے خواص، فوائد اور استعمال
ستیاناسی mexican poppy کے خواص، فوائد اور استعمال
بواسیر
رسونت شدھ ایک تولہ، ککروندہ کے تازہ پتوں کے رس میں سات دن کھرل کر کے مٹر کے دانے کے برابر گولیاں بنالیں۔ بواسیر کے مریض کو ایک سے دو گولی صبح و شام کھلائیں۔ خونی و بادی بواسیر کے لیے مفید ہے۔ بیرونی طور پر ککروندہ کے پتوں کو پیس کر مسوں پر لگائیں، اس سے مسے مرجھا جائیں گے۔
دیگر
ککروندہ کے پتوں کے پانی میں کھرل کر کے گولیاں بقدر نخود نبائیں۔ بواسیر کے واسطے صبح و شام ایک ایک گولی باسی پانی سے کھلائیں۔
دیوانے کتے کا کاٹنا
ککروندہ کی جڑ ایک تولہ کے قریب پیس کر دودھ کے ہمراہ، دیوانے کتے کے کاٹے ہوئے کو پلانا مفید ہے، قے ہو کر زہر کا تمام اثر دور ہو جاتا ہے۔
اسہال
ککروندہ کی جڑ ایک تولہ پانی سے پیس کر کالی مرچ کے برابر گولیاں بنالیں۔ خوراک ایک سے دو گولی اسہال (دستوں) کو بند کرنے کے لیے مفید ہے۔
ککروندہ کاست
ککروندے کے تمام پودے کو کوٹ کر اس کا رس نچوڑ لیں اور اس رس کو صاف پتھر پر پھیلا کر خشک کریں، جب خشک ہو جائے تو پیس کر بوتل میں رکھ لیں۔ خوراک آدھے سے ایک ماشہ ، بواسیر، بواسیری دست، استسقاء، دق، ہسٹیریا، پیٹ کے کیڑے، ورم جگر، ورم طحال، انتڑیوں کی سوجن کے لیے مفید ہے۔
ککروندہ بوٹی سے کشتہ جات بنانا
کشتہ فولاد: ککروندہ کا آگ پر پھاڑا ہوا رس آدھ سیر، برادہ فولاد شدھ پانچ تولہ کو چینی کے پیالہ میں رکھ کر یہ رس ڈال دیں، اور تیز دھوپ میں مٹی سے بچا کر رکھیں۔ جب پانی خشک ہو جائے تو اور ڈال دیں، چند مرتبہ یہ عمل کرنے سے فولاد کشتہ ہو جاتا ہے۔
فوائد: بواسیر اور استسقاء کے لیے مفید ہے۔ استسقاء کے لیے ایک رتی خوراک ہمراہ دودھ اونٹنی دیں۔
کشتہ چاندی: ایک روپیہ خالص چاندی کا لے کر آگ پر لال کریں، اور اکیس بار ککروندہ کی بوٹی کے رس میں بجھائیں، مگر ہر تین بار کے بعد تازہ رس (پانی) لے لیا کریں۔ بعد میں آدھ سیر ککروندہ کے نغدہ میں روپیہ دے کر آدھ سیر سفید کپڑا لپیٹ دیں اور ایک من اپلوں کی آگ دیں، کشتہ تیار ہوگا۔ خوراک آدھ رتی سے ایک رتی مکھن میں دیں۔ کمزوری کے لیے ازحد مفید ہے۔
(تاج العقاقیر، تاج المفردات)