ماہیت
موچرس سنبھل درخت کی گوند ہے جب پہلے نکلتی ہے تو سفید گاڑھی اور لیس دار ہوتی ہے۔ لیکن خشک ہوکر سرخ رنگ کے گول کھوکھلے ٹکڑوں کی صورت اختیار کرلیتی ہے، اور یہ آسانی سے ٹکڑے ٹکڑے ہو جاتی ہے۔ جب سنبھل کے درخت پر گوند نکلتی ہے تو وہ خوبصورت یاقوتی رنگ کی ہوتی ہے۔ گوند اتار لینے کے کچھ عرصہ بعد خوبصورت رنگ قائم نہیں رہتا بلکہ یہ سیاہی مائل رنگت اختیار کر لیتی ہے۔
ذائقہ
موچرس کا ذائقہ کسیلا اور لیس دار ہوتا ہے۔
مزاج
سرد خشک درجہ سوم۔
افعال
قابض، مجفف حابس الدم ممسک سیلان الرحم، مغلظ منی۔
نفع خاص
ممسک و مغلظ منی حابس سیلان الرحم۔
مضر
دیر ہضم، نفاخ۔
مصلح
گرم مصالحہ جات، دار چینی۔
مقدار خوراک
3 سے 5 گرام۔
مشہور مرکب
معجون موچرس۔
یہ معجون رطوبات رحم کو خشک کرتی ہے یعنی لیکوریا میں کثرت سے استعمال ہونے والی دواہے۔
موچرس کا استعمال
،مذکورا افعال کی وجہ سے اس کو تنہا یا دیگر ادویہ کے ہمراہ حابس، اسہال، جریان و رقت سلسل البول، کثرت حیض اور سیلان الرحم میں سفوفات یا معاجین میں شامل کرتے ہیں۔ قابض ہونے کے باعث استحکام دندان کی غرض سے سنونات میں شامل کرتے ہیں۔ جوش دہن جوکہ پارہ کی وجہ سے ہو اس کے جوشاندے سے مضمضہ (کلی) کراتے ہیں۔
معجون موچرس
یہ معجون خواتین کے مرض سیلان (لیکوریا) میں نہایت مفید ہے۔ رحم کی خراب رطوبتوں کو خشک کرتی ہے اور رحم کو طاقت دیتی ہے۔
معجون موچرس | |
آملہ خشک | 50 گرام |
بنسلوچن | 50 گرام |
بہیڑہ | 50 گرام |
پوست انار | 75 گرام |
پوست ہلیلہ زرد | 50 گرام |
حب الاس | 50 گرام |
سپاری | 50 گرام |
گل سرخ | 50 گرام |
گل ارمنی | 25 گرام |
گل ملتانی | 25 گرام |
مازو سبز | 50 گرام |
موچرس | 50 گرام |
موصلی سفید | 100 گرام |
موصلی سیاہ | 100 گرام |
نشاستہ گندم | 50 گرام |
رب انار شیریں | 150 گرام |
رب بہی | 150 گرام |
قوام شکر | 2 کلو گرام |
ترکیب تیاری اور طریقہ استعمال: تمام دواؤں کو کوٹ چھان کر سفوف تیار کریں۔ اس کے بعد رب انار اور رب بہی اور قوام شکر تینوں کو پتیلے میں ڈال کر آگ پر رکھیں۔ جب یہ گرم ہو جائیں تو نیچے اتار لیں اور ان میں تھوڑا تھوڑا سفوف ڈالتے جائیں اور مکس کرتے جائیں، جب تمام سفوف حل ہوجائے تو اسے شیشے کے مرتبان میں محفوظ کرلیں۔ 10 گرام یہ معجون صبح کو 250 ملی لیٹر دودھ کے ساتھ استعمال کرائیں۔
مزید جانئے: سنا مکی کا استعمال فوائد اور نقصانات