سونٹھ دراصل خشک ادرک کو ہی کہتے ہیں اس کا ہم روز مرہ زندگی میں استعمال کرتے ہیں اور طب میں سونٹھ کے بے شمار فوائد اور استعمال ہیں۔

مختلف نام

مشہور نام ادرک ۔

ہندی: ادرک ۔

سنسکرت: ادرکم، ادرک ۔

بنگالی: سونٹھ۔ ۔

مرہٹی: الیم ۔

گجراتی: اوڈ ۔

کرناٹکی: آل سونٹھی،

بنگالی: سنٹ، تال انجی۔

عربی : زنجبیل رطب ۔

انگریزی: جنجر ( ginger )

لاطینی: زنجبر ( zingber )

شناخت

ادرک ہند و پاکستان میں بکثرت کاشت ہو تا ہے، موسم بہار میں بویا جاتا ہےاور موسم سرما کے ابتدائی دنوں میں پختہ ہو جاتا ہے۔ اس کو پودا دو تین فٹ تک اونچا ہوتا ہے۔ یہ دراصل پودے کی جڑ ہے، پتے سبز، لمبے اور باریک جب پھول چھڑ جاتے ہیں اور تنا خشک ہو جاتا ہے تو اسے نکالتے ہیں۔ رنگ بھورا بہ مائل سفیدی، تیز بو، ذائقہ تیز اور زبان میں داخل ہوتا ہوا معلوم ہوتا ہے۔ اسے ہمیشہ چھیل کر استعمال کرنا چاہیے۔ گرم مزاجوں اور قبض کے لیے نقصان دہ ہے۔

سونٹھ کا پودا
سونٹھ کا پودا

سونٹھ کا مزاج

تازہ سونٹھ کا مزاج تیسرے درجہ میں گرم، پہلے میں خشک جبکہ سوکھی ہوئی دوسرے درجہ میں خشک ہوتی ہے۔ روغن بادام و شہد سے اس کی مضرت دور ہو جاتی ہے۔ بقدر مناسب پیلی، عقر قرحا اور کالی مرچ اس کا بدل ہیں۔ خوراک پانچ رتی سے دس رتی تک استعمال کی جاسکتی ہے۔

سونٹھ کی کاشت
سونٹھ کی کاشت

سونٹھ کے فوائد

مقوی دماغ، ہاضمہ، معدہ و جگر، اپھارہ ریاح اور کمزوری کو فائدہ دیتا ہے۔ بلغم کو دور کر کے طبیعت صاف کرتا ہے۔ اگر اسے پانی میں زیادہ جوش دے کر استعمال کیا جائے تو اس کے مفید اجزائ ضائع ہو جاتے ہیں۔ بلغمی کھانسی میں ادرک کا رس ہمراہ شہد ایک چمچہ پلانا مفید ہے۔ ابلے انڈے کی زردی کے ساتھ ادرک کا استعمال ویرج کو بڑھاتا اور گاڑھا کرتا ہے۔ ادرک کا رس ناخونہ کے لیے مفید ہے۔ آنت اترنے کے لیے سونٹھ کا مربہ بہت مفید ہے۔ فالج (ادھڑنگ) کے لیے مربہ ادرک کا استعمال اور ہر وقت جائفل منہ میں رکھنا بہت مفید ہے۔

آملہ کے خواص، فوائد اور استعمال

افسنتین کے خواص، فوائد اور استعمال

اندرائن (کوڑتمہ) کے خواص، فوائد اور استعمال

مربہ ادرک

سونٹھ تازہ موٹی بے ریشہ چھلکوں سے صاف کر کے پانی میں جوش دیں۔ بعد ازاں تھوڑا سا نمک ملا کر خوب جوش دیں۔ جب نرم ہو جائے تو نکال لیں اور چینی سفید کا قوام بنا کر شامل کریں۔ دوسرے روز اگر قوام پتلا ہو جائے، تو معہ ادرک پکا کر درست کر لیں۔

فوائد: ایک سے دو تولہ کھائیں بلغم نکالنے، ریاح، پیٹ درد اور کمر کے علاوہ گردوں کو طاقت دینے کے لیے مفید ہے۔

درد قولنج

سونٹھ نیم کوفتہ اڑھائی تولہ کو پندرہ تولہ کھولتے ہوئے پانی میں ڈالیں اور ایک گھنٹہ تک پڑا رہنے دیں، پھر پانی نتھار کر اس میں 9 ماشہ سوڈا بائیکارب ملا دیں۔

فوائد: تین سے پانچ تولہ تک حسب ضرورت دن میں دو سے تین بار پلائیں، سوئ ہضم، متلی اور قے وغیرہ میں مفید ہے اور پیٹ کے اپھارہ ، درد قولنج ریاحی کا دافع ہے۔

دوائے ہچکی

سونٹھ پانچ ماشہ، مرچ سیاہ پانچ دانہ، پانی میں جوش دے کر دن میں دو بار پلائیں۔ ہچکی کے لیے مفید ہے۔

دوائے سنگرہنی

سونٹھ پانچ تولہ، سونف پانچ تولہ، ہرڑ پانچ تولہ، چینی پندرہ تولہ، سب کو علیحدہ علیحدہ پیس کر ملالیں۔ خوراک ایک سے تین ماشہ دن میں دو بار۔ پیچش، سنگرہنی، کمزوری معدہ اور بد ہضمی کو دستوں کے لیے مفید ہے۔

درد پیٹ

ادرک خشک (سونٹھ) اور اجوائن حسب ضرورت لے کر لیموں کا رس اس قدر ڈالیں کہ تر ہو جائیں۔ پھر سایہ میں خشک کریں اور باریک پیس لیں، قدرے نمک سیاہ ملا کر محفوظ رکھیں۔ خوراک چار سے چھ رتی تک ہمراہ پانی۔ معدہ کی تمام خرابیاں دور ہو جاتی ہیں، ہاضمہ کو درست کرتا ہے۔ پیٹ درد اور گندے ڈکاروں کو مفید ہے۔

رس ادرک سے کشتہ چاندی

ورق چاندی ایک تولہ، پندرہ تولہ ادرک کے رس میں اس قدر کھرل کریں کہ ٹکیاں باندھنے کے لائق ہو جائے، پھر دو سکورہ گلی میں گل حکمت کر کے خشک ہونے پر بیس سیر جنگلی اپلوں کی آگ دیں، اس طرح تین بار کریں۔ شگفتہ ہو جائے گا۔ دو سے تین چاول ہمراہ خمیرہ یا معجون یا مکھن دیں، مقوی ارواح، ٹانک اور دافع جریان ہے۔