سونف کے بیج مصالحہ کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ سونف کا ایک میٹھا اور طاقتور ذائقہ ہے جو ملٹھی (licorice) جیسا ہے اس کے بےشمار فوائد اور استعمال ہیں۔

مختلف نام

مشہور نام: سونف، بادیان

ہندی: سونف

بنگالی: موری، پالن

فارسی: رازیانہ، بادیان

عربی: راز یانج

مرہٹی: شو پھا، بڑی شوپھا

گجراتی: دریاری

تامل: شومبو

سنسکرت: دھولیکا

 لاطینی میں فینی کیولائی فرکٹس (Feonicoli Fructus)

انگریزی میں (Fennel Seeds)

شناخت

یہ زردی مائل مشہور بیج ہیں۔ جن پر پانچ خطوطیا رگیں ہوتی ہیں اور بالائی طرف چھوٹی سی ٹوپی ہوتی ہے۔ جس میں دو ریشے ہوتے ہیں، بو خاص قسم کی پسندیدہ اور مزہ شیریں ہوتا ہے۔ اس کا پودا گز بھر اونچا ہوتا ہے۔ اس کی شاخیں سبز سبز لمبی اور درمیان میں سے مجوف ہوتی ہیں۔ ان پر چھتری کی طرح سر پر زرد رنگ کے چھوٹے چھوٹے پھول ہوتے ہیں اور وہاں پر بیج پیدا ہوتے ہیں، سونف میں ایک لطیف روغن چار سے پانچ فیصدی تک ہوتا ہے۔ اس میں امیتھول یا ثمرول نامی جزو ہوتا ہے۔ اور فینکون نامی عنصر پایا جاتا ہے۔

سونف کا پودا
سونف کا پودا

ستیاناسی mexican poppy کے خواص، فوائد اور استعمال

رودنتی (رورونتی) کے خواص، فوائد اور استعمال

دھماسہ fagonia arabica کے خواص، فوائد اور استعمال

سونف کی افادیت

معدہ کے اخلاط فاسدہ اور غلیظ کو خارج کرتی ہے، تبخیر معدہ کو مفید ہے۔ دست بند کرتی ہے۔ یہ ڈاکٹری ادویہ میں بھی استعمال ہوتی ہے۔ چنانچہ برٹش فارما کوپیا 1932 میں اس کا ذکر موجود ہے، ڈاکٹر اس کا روغن و عرق نکال کر استعمال کرتے ہیں۔ روغن سونف و عرق سونف مختلف ادویات میں بکثرت استعمال کیا جاتا ہے۔

سونف کا مزاج

سونف کا مزاج گرم پہلے درجہ میں اور خشک دوسرے درجہ میں ہے۔

مقدار خوراک

خوراک چھ ماشہ سے نو ماشہ تک استعمال کی جاسکتی ہے۔

سونف کا استعمال

سونف کے فوائد درج ذیل ہیں۔

کمزوری دماغ

سونف کو کوٹ کر چھیل لیں اور برابر کھانڈ ملا لیں۔ رات کو نو ماشہ سے ایک تولہ کی مقدار میں پانی یا دودھ کے ساتھ استعمال کریں۔ چند روز میں دماغ طاقتور ہو جاتا ہے۔ قبض کو دور کر کے معدہ کو طاقت دیتا ہے۔ یہی نسخہ کمزوری نظر کے لیے مفید ہے۔

نزلہ و زکام

سونف 9 ماشہ کو کوٹ کر ڈیڑھ پاؤ پانی میں بھگو رکھیں۔ تین گھنٹہ بعد آگ پر جوش دیں، پھر چھان لیں اور نیم گرم پلائیں، نزلہ زکام کے لیے بہترین چیز ہے۔

بہرہ پن

سونف چھ ماشہ کو ایک پاؤ پانی میں جوش دے کر جب دس تولہ رہ جائے تو اس میں گھی گائے ایک تولہ، دیسی کھانڈ کی مصری ایک تولہ ملا کر صبح و شام پلائیں۔ بہرہ پن کے لیے مفید ہے۔

کمزوری نظر

سونف کو نرم نرم چوٹ سے کوٹ لیں۔ جب چھلکا اتر جائے، رات کو اس میں 9 ماشہ روزانہ بوقت صبح ایک پاؤ دودھ نیم گرم کے ساتھ کھائیں تقویت بصر کے لیے اس قدر مفید ہے کہ نظر چیل کی مانند تیز ہو جائے گی۔

لکنت

سونف چھ ماشہ کو آدھ لٹر پانی میں جوش دے کر جب تین چھٹانک رہ جائے تو مصری ایک تولہ، گائے کا دودھ ایک پاؤ ملا کر پلائیں، اس طرح دونوں وقت استعمال کرائیں۔ سونف کو منہ میں ڈال کر اس کا رس چوستے رہنے سے بھی یہی فائدہ ہوتا ہے۔

قبض

سونف پانچ تولہ کو گل قند بیس تولہ میں ملا دیں اور اس میں سے صبح و شام پانچ پانچ تولہ خوب چبا کر کھا لیا کریں۔ تمام امراض معدہ اور دائمی قبض کے لیے مفید ہے۔

دست

سونف نیم بریاں کر کے ہم وزن مصری ملا کر رکھیں۔ اس میں سے چار ماشہ دوا دن میں تین بار گائے کی چاچھ سے دیں۔ فوراً دست بند ہو جائیں گے۔ خاص طور پر پرانے دستوں کو آرام ملے گا۔

دمہ و کھانسی

سونف پانچ تولہ کو کسی مٹی کے کوزہ میں ڈال کر اوپر سے دودھ آک اتنا ڈالیں کہ سونف تر ہو جائیں، پھر سایہ میں خشک کر کے اسی کوزہ میں بند کر کے گل حکمت کر کے خشک کر کے دس سیراوپلوں کی آگ دیں۔ اگر سفیدی مائل خاک کی مانند تیار ہو جائے تو بہتر ورنہ دوبارہ اسی طرح آگ دیں اور باریک پیس کر شیشی میں حفاظت سے رکھیں۔

خوراک آدھی رتی سے ایک رتی۔ اگر مریض کو بلغمی کھانسی یا دمہ ہو تو چینی میں رکھ کر دیں ورنہ ملائی میں دیں۔ آٹھ دن کے استعمال سے کھانسی اور دمہ کو حیرت انگیز طور پر فائدہ ہوتا ہے کہ مریض حیران رہ جاتا ہے۔

دوائے پیچش

سونف ایک تولہ، انار دانہ ایک تولہ، ہرڑ کالی ایک تولہ، سب کو علیحدہ علیحدہ پیس کر سفوف بنائیں۔ خوراک چھ چھ ماشہ صبح و شام ہمراہ لعاب بہی دانہ یا صرف پانی کے ساتھ استعمال کریں، اگر زیادہ تکلیف ہو تو دن میں تین بار دے سکتے ہیں۔ پرانی سے پرانی پیچش کے لیے مفید ہے، اور کئی بار کا آزمودہ ہے۔

خونی پیچش

سونف کے مغز پانچ تولہ، بیل گری پانچ تولہ، مصری دس تولہ، باریک کر کے سفوف بنائیں اور تازہ پانی کے ساتھ بقدر چھ ماشہ کھلائیں۔ ہر قسم کی پیچش خصوصاً خونی پیچش کے لیے مفید ہے۔

متلی و قے

سونف 9 ماشہ، پودینہ تین ماشہ، گل قند دو تولہ، پانی آدھ پاؤ میں جوش دے کر نصف رہنے پر مل چھان کر پلائیں، متلی اور قے کے لیے مفید ہے۔

بندش ایام

سونف ایک تولہ، گڑ ایک تولہ، ڈیڑھ پاؤ پانی میں جوش دیں۔ نصف رہنے پر چھان کر پلائیں اور گرم کپڑا اوڑھا کر مریضہ کو سلائیں۔ ایام کے دنوں میں اس کی دو تین خوراکیں بندش ایام کو فوراً آرام کر دیتی ہے۔

مقوی بصر

آپ گاجر میں مغز سونف چھلکا اتار کر ڈالیں۔ جب تمام پانی خشک ہو جائے۔ مغز سونف نکال لیں۔ صبح و شام خالی پیٹ ایک ایک ماشہ استعمال کریں۔

(ازحکیم فرخ نعیم خان)