جاوتری جسے جلوتری یا بسباسہ بھی کہتے ہیں، وٹامن اے ، سی ، بی 1 ، بی 2 جیسے کئی وٹامنز اور کیلشیم ، میگنیشیم ، فاسفورس ، مینگنیز اور زنک جیسے معدنیات سے بھر پور ہے۔ اس کے خواص، فوائد اور استعمال درج ذیل ہیں۔
مختلف زبانوں میں نام
عربی میں بسباسہ
فارسی میں بزباز
سنسکرت میں جاپتری
انگریزی میں Mace
ماہیت
جاوتری پوست (چھلکا) ہے جو کہ جائفل پر لپٹا ہوا ہوتا ہے اور خشک ہونے پر اس سےعلیحدہ ہو جاتا ہے۔ تازہ ہونے کی حالت میں اس کی رنگت سبزی مائل ہوتی ہے، لیکن خشک ہونے پر سرخی و زردی مائل ہو جاتا ہے۔ ذائقہ میں تیز اور خوشبو دار ہوتا ہے۔

مقام پیدائش
ملائشیا، سری لنکا اور بھارت
جاوتری کا مزاج
مفرح، ہاضم، محلل مفتح سدد مجفف، مسخن، کاسر ریاح، خفیف قابض مقوی معدہ، مقوی و محرک باہ، مقوی رحم، دافع تعفن۔
نفع خاص
مجفف رطوبات۔
مضر
درد سر پیدا کرتی ہے۔
مصلح
گوند ببول اور عرق گلاب۔
بدل
مقدارخوراک
1 سے 3 گرام تک۔
مشہورمرکب
جوارش زرعونی سادہ، جوارش عنبری بہ نسخہ کلاں، حب اذراقی، جوارش بسباسہ۔
جاوتری کے فوائد اور استعمال
- مفرح ہونے کے سبب سے ضعف قلب کو دور کرتی اور قلب کی ادویہ مرکبہ میں شامل کی جاتی ہے۔
- مجفف رطوبت کوخشک وجذب کر کے ان کو تقویت بخشتی ہے مجفف و منشف ہونے کی وجہ سے سلسل البول کیلئے نہایت فائدہ بخش دوا ہے۔ اس مرض میں پشت ناف اور پیڑو پر اس کا لیپ بھی کیا جاتا ہے اور کھلایا بھی جاتاہے۔
- رحم کی رطوبت زائدہ کو جذب کر کے اس کو تقویت بخشتی ہے اور زعفران کے ہمراہ بطور فرزجہ کرنے سے منقیٰ رحم ہے۔
- مقوی و محرک باہ ہونے کی وجہ سے معاجین باہیہ میں شامل کی جاتی ہے اورعضو مخصوص پر طلاء کرنے سے نعوظ پیدا کرتی ہے۔
- محلل مفتح اور کاسر ریاح ہونے کی وجہ سے معدہ کے امراض بارد میں فائدہ کرتی ہے۔
- جلوتری دافع تعفن اور خوشبودار ہے لہٰذا دہن کی بدبو کو دور کرنے کیلئے اس کو چبایا جاتا ہے۔
- بدبوئے بغل زائل کرنے کیلئے کسی روغن وغیرہ میں ملا کر ملا جاتا ہے۔
- محلل اور مسخن ہونے کے باعث درد سر اور شقیقہ کیلئے بھی مفید ہے۔
- بلڈ شوگر کی سطح کو متوازن کرنے اور پیشاب کی نالی کے انفیکشن کے علاج کے لئے استعمال ہوتا ہے۔
- گلے، کھانسی، دمہ، گلے میں درد، چڑچڑاپن ختم کرنے کیلئے مفید سمجھی جاتی ہے۔
- یہ منہ میں بدبو ، منہ میں نمی اور ضرورت سے زیادہ پیاس کو کم کرتی ہے۔
- اپھارہ اور پیٹ میں درد کو دور کرنے کے لئے استعمال کیا جاتی ہے۔
- جاوتری کا استعمال عمل انہضام کی طاقت کو بہتر بناتا ہے۔
- جاوتری سے آنتوں کے کیڑے اور آنتوں کے انفیکشن کا علاج کرسکتے ہیں۔
- جلوتری سے بنا پیسٹ سر درد اور جوڑوں کے درد کو دور کرسکتا ہے۔
- جاوتری کا تیل ایک محرک کی حیثیت سے کام کرتا ہے اور عضو تناسل پر بیرونی طور پر لگانے سے عضو تناسل کی خرابیوں کو دور کرتا ہے۔
- جاوتری کا استعمال قوت مدافعت اور مزاحمت کی طاقت کو فروغ دیتا ہے۔