آملہ  پر ہونے والی ایک تحقیق کے مُطابق آملہ میں ایک خاص کمپاونڈ جسے کرومیم کہا جاتا ہے بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے یہ کمپاونڈ خون میں بُرے کولیسٹرال کو کم کرنے کے لیے انتہائی مُفید چیز ہے اور ساتھ ہی آملہ جسم میں انسولین کی پیداوار کو نارمل رکھنے میں کسی اکسیر سے کم نہیں۔

مختلف نام

مشهور نام: آملہ ۔

هندى: آنواله ۔

سنسکرت: آنورا ۔

گجراتی :  آنوادلہ،آملہ ۔

لاطینی : فلنتھس

(phyllanthus)

شناخت

ہندوستان کا مشہور درخت ہے عام طور پر پہاڑی مقامات پر ہوتا ہے آنوله مشہور پھل ہے گولائی میں اخروٹ کے برابر یا قدرے چھوٹا بصورت تازگی اس کا رنگ بھورا زردی مائل سطح پر پھانکوں کی خفیف دھاریاں اور خشک ہونے پر رنگت میں سیاہی مائل اور دھاریاں غیر نمایاں ہوتی ہیں تازگی کے عالم میں ترش، کسیلا اور خشک ہونے پر کسیلا اور قدرے کڑواہٹ لئے ہوئے جدید تحقیق کے مطابق اس میں وٹامن سی ہوتا ہے۔

آملہ کے فوائد

مثانہ وتلی کے لئے مضر،  پیٹ میں قولنج پیدا کرتا ہے۔ بادام روغن، تازہ دودھ، شہد خالص سے اس کی مضرات زائل ہوجاتی ہے مقوی اعصاب ، مفرخ دل و دماغ ، معدہ اور مسوڑھوں کو طاقت دیتا ہے نظر کو بڑھاتا ہے بیرونی طور پر بالوں کو مضبوط اور سیاہی کو قائم رکھتا ہے پیچش اور دستوں کے لیے مفید ہے۔

آملہ کو برابر وزن  ہلدی کے ساتھ سفوف بنا کر 9 ماشہ روزانہ ہمراہ دودھ گائے لینا ہے۔ پیشاب کی نالی کی سوجن کے لئے ازحد مفید ہے نکسیر روکنے کے لیے اس کا گاڑھا لعاب  ماتھے پر لگانا چاہیے آنکھ کے پھولے کے لئے تازہ آملہ کا رس آنکھ میں ڈالیں۔

پھل آملہ
پھل آملہ

افسنتین کے خواص، فوائد اور استعمال

اونٹ کٹارا کے خواص، فوائد اور استعمال

اندرائن (کوڑتمہ) کے خواص، فوائد اور استعمال

ارنڈ (بید انجیر) کیسٹر آئل کے خواص فوائد اور استعمال

آملہ کے مجربات

آملہ ہیئر آئل:آملہ ایک سیر کو دو سیر پانی میں پکائیں جب آدھا سیر پانی باقی رہ جائے تو خوب چھان کر علیحدہ کر لیں اور اس پانی کو چار سیر تلی صاف شدہ  میں ملا کر آگ پر رکھیں یہاں تک کہ تمام پانی جل جائے پھر اسے اتار کر سرد کر لیں اور چھان لیں اس میں معمولی خوشبو آملہ ملا دینے سے مزید خوشبو آجاتی ہے۔

آملہ ہیئر آئل مرکب :آملہ خشک بغیر گٹھلی 10تولہ برہمی 10 تولہ، ناگر موتھا ڈیڑھ تولہ بال چھڑ ڈیڑھ  تولہ دھنیا خشک 10 تولہ مہندی کے پتے 10 تولہ تمام اشیاء کو پانچ سیر پانی میں بھگو دیں پہلے تمام چیزوں کو تھوڑا تھوڑا کوٹ کر ایک رات دن ویسے پڑا رہنے دیں دوسرے دن اس میں خالص دھلی تلی کا صاف شدہ تیل پانچ سیر ملا کر کسی بڑے برتن میں آگ پر رکھ دیں آگ دھیمی  میں رکھیں ورنہ تیل ابل کر باہر آ جائے گا جب پانی بخارات بن  کر اڑ جائے   تو تیل  کو آگ سے  اتار لیں اور چھان کر رنگدار کر لیں اور اس میں حسب پسند تیل میں حل ہونے والا رنگ ملا کر شامل کرلیں نہایت اعلی درجے کا تیل تیار ہوگا۔

آملہ ہیئر آئل :   دس یا بارہ سیر تازہ ( هرا) آملہ  خرید کرکھولو یا کسی ادویات کوٹنے کے برتن میں ڈال کر رس  حاصل کریں۔ اس کو دس سیر سفید تلی کے تیل میں ملا کر آگ پر گرم کریں آگ دھیمی ہونی چاہیے جب تمام رس تیل میں ختم ہوجائے تو تیل اتار کر چھان کر ٹھندا ہونے کے لیے رکھ دیں دوسرے دن خوشبو آملہ تین اونس بنز ایل ایسی ٹیٹ تین اونس ملا کر آئل کلر سبز سے تمام تیل کو حسب منشا  رنگین کر لیں عمدہ کوالٹی کا  ہیئر آئل تیار  ہے شیشوں میں بھر کر لیبل سے آراستہ کرکے فروخت کریں۔

برہمی آملہ ہیر آئل: ہرے سبز آملوں کا پانی آدھ سیر، دھنیے کا پانی ایک پاؤ ،بھنگرے سیاہ کا پانی ایک پاؤ،خس عمده ایک پاؤ، گلاب کے تازہ پھول ایک پاؤ، پانڑی ایک پاؤ، برادہ صندل ایک پاؤ ،بال چھڑ پانچ تولہ، برہمی بوٹی آدھ سیر۔

ترکیب تیاری:  ان تمام چیزوں کو سوائے پانیوں کے رات کے وقت دس سیر  پانی میں بھگو دیں صبح جوش دیں جب پانی آدھا رہ جائے چھان لے اس میں مذکورہ بالا پانی اور دھوئی ہوئی تلی کا تیل پانچ سیر ملا لیں اور نہایت ہلکی آگ پر پکائیں یہاں تک کہ صرف تیل رہ جائے اب اس تیل کو صاف کنستر میں ڈالیں عطر حنا ،عطر گلاب, عطر موتیا ہر ایک تین ماشہ کا اضافہ کر کے منہ بند کر کے رکھ دیں ہفتہ کے بعد استعمال کریں بہترین برہمی میں آملہ ہیئر آئل تیار ہے اگر رنگ دینا ہو تو آئل کلر سبز دے دیں۔

 شربت آملہ: آملہ کا پانی ایک سیر، دودھ گائے دو سیر دونوں کو ملا کر قلعى دار برتن میں آگ پر رکھیں جب دودھ پھٹ جائے تو اتار کر چھان لیں اور شکر سفید برابر آملہ کے پانی سے ملا کر شربت کا قوام تیار کریں دو تولہ شربت، عرق سونف چھ تولہ یا خمیر گاؤ زبان عنبری تین ماشہ کے ساتھ استعمال کریں۔ دوران سر کے لیے مفید ہے دماغ میں تازگی، فرحت اور قوت پیدا کرتا ہے۔

مربہ آملہ: مربہ آملہ بنارسی خاص مشہور ہے فوائد میں بھی افضل ہے مریضوں کو تقویت دل کے لیے معالجین تجویز کرتے ہیں آملہ میں سب قسم کے وٹامن موجود ہیں اس کا مربہ مندرجہ ذیل ترتیب سے تیار کیا جاتا ہے۔

چار سیر بڑھیا بنارسی آملے لے کر ان کو دھو لیں اب انہیں لکڑی کی سلائی سے اچھی طرح گوندھ لیں اس کے بعد انہیں چونے کے پانی میں بھگو دیں ہر دوسرے دن یہ پانی بدل دیں  چار پانچ دن بعد چونے کا پانی نکال کر تازہ پانی کے ساتھ اچھی طرح دھو لیں اب انہیں پانی میں ڈال کر آگ پر رکھیں جب ایک دو جوش آجائیں تو پانی نکال کر اب آٹھ سیر چینی لے کر مربه  کی چاشنی بنائیں اس گرم چاشنی میں ٹھنڈے وخشک کیے ہوئے آملے ڈال دیں اور پکائیں جب گل جائیں اور دوبارہ چاشنی تیار ہو جائے تو نیچے اتار کر چھوٹی الائچی بھی ڈال دیں اور سٹرلائزڈ مرتبانوں میں ڈال دیں ایک آملہ پانی سے دھو کر ورک چاندنی میں لپیٹ کر استعمال کریں دماغ معدہ اور جگر کو تقویت دیتا ہے وسواس کو دور کرتا اور فرحت پیدا کرتا اور دوران سر، دست اور بواسیر کو فائدہ کرتا ہے۔

آملہ  پلز برائے پانی چشم: مغز بیج آملہ ،مغز بیج ہرڑ زرد برابر وزن لے کر تین دن تک پانی میں کھرل کرکے نخودی گولیاں بنا لیں رات کو سوتے وقت دو گولیاں روزانہ کھائیں ان کے استعمال سے پانی رک جاتا ہے۔

آملاکی آدی چورن: آملہ ( گٹھی خارج کردہ) مگھاں، چھلکا جڑ چترک ، چھلکا  ہرڑ زرد، نمک سیندھا برابر وزن تمام ادویات کا سفوف بنا لیں خوراک دو سے تین ماشہ تک ہمراہ گرم پانی دن میں دو سے تین بار دیں۔

فوائد: ہر قسم کے بخاروں کے لیے نافع ہے۔ قابض کشا اور ہاضم ہے، بلغم اور بدہضمی کو رفع کرتا ہے۔ بھوک خوب لگاتا ہے۔ پا خانہ لاتا ہے۔ ہلکا ہلکا بخار رہتا ہے تو یہ چورن نہایت مفید ہے۔

جوارش آملہ: معدہ کو تقویت دیتی ہے، دل کی حرارت کو دور کرتی ہے اور صفراوی دستوں کو بند کرتی ہے۔

تیاری: آملہ آٹھ تولہ، قند سفید ایک سیر، آملہ کو ایک سیر گائے کے دودھ میں 24 گھنٹہ تک تر رکھیں۔ بعد ازاں آملہ  کو دھو کر پانی میں ابال دے کر مل چھان کر اسی پانی میں چینی شامل کر کے قوام بنائیں۔

خوراک چھ ماشہ صبح و چھ ماشہ شام ہمراہ عرق گاو زبان یا پانی دیں اور بادی غذا سے پرہیز کریں۔

طب آیوروید میں "چیون پراش ادلیہ” آملوں کا ہی مرکب ہے، جو کھانسی، دمہ اور کمزوری کے لیے مفید ہے۔