آلو بخارا طبی اہمیت کا حامل ایک لذیذ پھل ہے اور اس کے بے شمار طبی فوائد ہیں۔ آئیے آپ کو اس کے خواص، فوائد اور اس کے استعمال سے آگاہ کرتے ہیں۔

مختلف زبانوں میں نام

نباتاتی نام Prunus Domestica Linn

خاندان Roasaceae

عربی میں اجاص۔

فارسی میں آلو بخارا۔

ہندی میں آلوچہ۔

مدت حیات

1 سال۔

مزاج

سرد تر۔

نفع خاص

مسکن حدت صفراء۔

مضر

دماغ اور اعصاب کو۔

مصلح

مصطگی رومی۔

بدل

تمر ہندی۔

مقدار خوراک

تازہ پھل 5 سے 9 عدد۔

خشک پاؤڈر 3 سے 5 گرام

ماہیت

یہ ایک مشہور پھل ہے جو سرخی مائل بہ سیاہی اور ذائقہ میں ترش چاشنی دار ہوتا ہے۔ تازہ حالت میں پختہ پھل سیاہ شیریں اور چمکدار ہوتا ہے۔ لیکن خشک ہونے پر یہ جھری دار سیاہ ہو جاتا ہے۔ اس کے اندر بادام کی طرح کی ایک گٹھلی ہوتی ہے۔

مقام پیدائش

پاکستان، کشمیر، افغانستان، ہما چل پردیش، بلخ، بخارا۔

افعال و خواص

مسکن صفراء، جوش خون، ملین شکم، دافع قے، مشتہی۔

آلو بخارا کے فوائد اور استعمال

  • صفراوی بخاروں میں پیاس کی شدت کو روکنے کیلئے پانی میں مل چھان کر پینا مفید ہے۔
  • قبض کو دور کرنے اور متلی و قے کو روکنے کیلئے اس کا کھانا مفید ہے۔
  • قلب کی حرارت اور سوزش کو کم کرنے کیلئے اس کا شربت پینا مفید ہے۔
  • خشک آلو بخارا رات کو بھگو صبح نہار منہ صرف پانی چھان کر پینا احتلام کےلئے مفید ہوتا ہے۔
  • جلدی بیماریوں میں آلو بخارا کے استعمال کے ساتھ ساتھ ایک دفعہ شربت عناب روزانہ پینا مفید ہوتا ہے۔
  • جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ خشک آلو بخارے کے استعمال سے کینسر کے خطرات نہ صرف کم ہوتے ہیں بلکہ کینسر کی صورت میں اس میں بہتری بھی آتی ہے۔
  • آلو بخارا میں موجود فینولز دماغی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے۔
  • آلو بخارا کا تازہ یا خشک استعمال دونوں صورتوں میں فائدہ مند ہے۔
  • آلو بخارا میں کیلشیم، فاسفورس، پروٹین، آئرن اور وٹامن سی پایا جاتا ہے جو ہمارے جسم کے لازمی اجزاء ہیں۔

شربت آلو بخارا

یہ شربت صفرا کو دور کرنے میں لاجواب ہے۔ صفراوی بخاروں میں نہایت اکسیر چیز ہے۔ پیاس کی شدت کو کم کرتا ہے۔ دو گھونٹ پینے سے طبیعت میں ٹھندک محسوس ہونے لگتی ہے۔

شربت آلو بخارا
آلو بخارا پکا ہوا500 گرام
املی50 گرام
چینی1 کلو گرام
پانی2 لیٹر

ترکیب تیاری اور طریقہ استعمال: آلو بخارے اچھی طرح دھو کر اور املی بھی پانی میں ڈال دیں اور پکنے کے لئے رکھ دیں دو چار جوش آنے کے بعد اتار لیں اور چھان لیں تاکہ گٹھلی اور چھلکا علیحدہ ہو جائے اب اس میں چینی ڈال کر پکنے کے لئے رکھ دیں جب قوام کی حالت میں آجائے تو اسے چولہے سے اتار کر ٹھنڈا ہونے دیں اور بوتل میں محفوظ کر لیں۔

مشہور مرکب

شربت آلو بخارا۔

احتیاطی تدابیر

سرد مزاج والے اور اعصابی دردوں والے حضرات آلو بخارا کا استعمال ہرگز نہ کریں۔

مزید جانئے: فالسہ کے خواص فوائد اور شربت فالسہ