املتاس کے پتوں کا عرق جگر کے عارضے میں مفید ہے۔ املتاس کی پھلیوں کا عرق بخار اتارنے میں نہائیت مفید ہے۔ اس کے خواص فوائد اور استعمال درج ذیل ہیں۔
مختلف نام
مشہور نام املتاس۔
ہندی: املتاس۔
سنسکرت: ارگ ردہ (نافع امراض)۔
عربی: خیار شنبر۔
فارسی: خیار شنبر۔
لاطینی: کیشیا فسچولا (cassia fistula)
انگریزی میں پرجنگ کیشیا (purging cassia)
شناخت
مشہور درخت کا پھل ہے۔ پتے جامن کے پتوں کی طرح پھول گچھوں کی صورت میں زرد رنگ کے پھل گول اور لگ بھگ ایک ہاتھ لمبا ہوتا ہے، کچا سبز اور نرم، پختہ ہو کر لکڑی کی طرح سخت اور سیاہی مائل ہو جاتا ہے۔ اس کے اندر پردے، بیج اور سیاہ رنگ کا گودا ہو تا ہے۔ یہی دوا کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ ذائقہ قدرے میٹھا، مگر بدمزہ اور قدرے بدبو دار ہوتا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے ہر حصہ کے علاوہ برازیل اور افریقہ میں عام پیدا ہوتا ہے۔ مصطلگی، روغن بادام، مغز کدو سے اس کی مضرا ت دور ہوتی ہے۔
مزاج
یہ پہلے درجہ میں گرم تر، بعض نے متعدل کہا ہے۔ زیادہ استعمال متلی، مروڑ اور پیچش پیدا کرتا ہے۔
املتاس کے فوائد
اس کے ساتھ صفرا، کاسنی، اسفائج کے ساتھ سودا، تر بد کے ساتھ بلغم کا مسہل ہے اور بیرونی طور پر اس کا ضماد درد کے لیے نہایت مفید ہے۔ اس کے پھول ملین معدہ ہیں۔ زعفران اور گلاب کے ساتھ املتاس کا چھلکا جوش دے کر پلانے سے فوراً بچہ پیدا ہوتا ہے۔ قبض کے لیے املتاس کے پھول سایہ میں خشک کر کے برابر وزن مصری ملا کر سفوف بنا کر چھ ماشہ کی مقدار میں دو تولہ شربت بنفشہ اور پانی کے ساتھ صبح کے وقت پھانکنا قبض کو دور کرتا ہے۔
درد سینہ کے لیے دو تولہ مغز املتاس کو 9 ماشہ مویز منقیٰ اور تین دانہ مغز بادام کے ساتھ پیس کر صبح کے وقت کھانے سے چند دن میں آرام آ جاتا ہے۔ خناق کے لیے مغر املتاس ایک تولہ کو ایک سیر گرم پانی میں اچھی طرح بھگو کر مل چھان کر نیم گرم سے غر غرہ کرنا خناق کو دور کرتا ہے۔ اس کا گودہ جوش دینے سے اثر کم ہو جاتا ہے۔
ارنڈ (بید انجیر) کیسٹر آئل کے خواص فوائد اور استعمال
ارنڈ (بید انجیر) کیسٹر آئل کے خواص فوائد اور استعمال
اندرائن (کوڑتمہ) کے خواص، فوائد اور استعمال
گل قند املتاس
اس کے ترو تازہ پھولوں کی پنکھڑیاں آدھ سیر لے کر چینی ایک سیر میں دست مال کر کے مرتبان میں ڈال کر دھوپ میں رکھیں۔ خوراک ایک سے دو تولہ، کھانسی و دمہ میں مفید ہے۔ قبض دور کرتا ہے۔
جوشاندہ بندش ایام
سونف چار ماشہ، گاو زبان چار ماشہ، مغز بیج خربوزہ چار ماشہ، بیج قرطم چار ماشہ، چھلکا املتاس چار ماشہ، چینی چھ ماشہ تاریخ مقررہ سے دو دن پہلے دے کر ایام تک جاری رکھیں۔ دو تین دن نوبت کے استعمال سے عادت دور ہو گی۔ آسان و آزمودہ نسخہ ہے۔
دائمی قبض
گودا املتاس پانچ تولہ، سنا مکی دو تولہ، انجیر شدھ ہر ایک چھ ماشہ، ملٹھی چھلی ہوئی سفوف شدھ دو تولہ، املی دو تولہ، آلو بخارا پانچ دانہ۔ سب ادویہ کو ڈیڑھ سیر پانی میں ڈال کر نرم آگ پر رکھیں۔ حتیٰ کہ وہ دو اڑھائی گھنٹے پکنے پر نصف پانی خشک ہو جائے، پھر چھان کر حسب ضرورت مصری ملا کر چھان لیں۔ دائمی قبض کے لیے دو تولہ سے تین تولہ تک ہر روز حسب ضرورت دیں۔
لعوق خیار شنبر کھانسی و قبض کے لیے
لسوڑیاں، عناب ہر ایک پندرہ عدد، بنفشہ 9 ماشہ، خطمی پانچ ماشہ، سنا مکی، شیر خشت ہر ایک ڈیڑھ تولہ، مغز املتاس ساڑھے چار تولہ، خمیرہ بنفشہ تین تولہ، ترنجبین چھ تولہ، روغن بادام شیریں پانچ تولہ، مصری ڈیڑھ پاو۔
ترکیب تیاری: پہلے لسوڑیاں سے سناء مکی تک کی ادویات کو تین پاو پانی میں جوش دیں۔ جب نصف پانی رہ جائے تو اتار کر مل چھان کر اس میں شیر خشت، مغز املتاس، خمیرہ بنفشہ ، ترنجین اور مصری ملا کر دوبارہ چھان کر نرم آگ پر رکھیں۔ جب قوام غلیظ ہو جائے تو روغن بادام اضافہ کر کے محفوظ رکھیں۔
خوراک: ایک ایک تولہ صبح و شام ہمراہ عرق گائو زبان یا پانی سے دیں، کھانسی میں نہایت مفید ہے۔ قبض کو بھی دور کرتا ہے۔